آج ہمارے خوابوں کی تکمیل کا دن ہے : ندیم الحق

کلکتہ : آج دلکشا اسٹریٹ میں کلکتہ گرلس کالج کی نئی عمارت کا سنگ بنیاد جناب فرہاد حکیم اور شری سبرتو مکھرجی کے ہاتھوں رکھا گیا۔ اس موقع پر مہمانان میں وزیر شہری امور و بلدیات جناب فرہاد حکیم اور وزیر پنچایتی امور شری سبرتو مکھرجی کے ساتھ محکمہ اقلیتی امور کے سکریٹری جناب غلام علی انصاری (آئی اے ایس)، جناب عبید الرحمن، جناب شکیل احمد بھی شامل تھے جبکہ جناب ندیم الحق (ایم پی، راجیہ سبھا) بحیثیت صدر، کالج گورننگ باڈی اور کالج کی پرنسپل ڈاکٹر ستیہ اپادھیائے پروگرام کے میزبان میں شامل تھے۔ جناب ندیم الحق صاحب نے تینوں مہمانوں کو اتریو پیش کیا۔ کالج کی پرنسپل ڈاکٹر ستیہ اپادھیائے نے مہمانان کی خدمت میں گلہائے عقیدت پیش کئے۔ انہوں نے افتتاحی کلمات میں حکومت مغربی بنگال کی وزیر اعلی ممتا بنرجی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ ۲۲ برسوں کی محنت آج کامیاب ہوئی اور وزیر اعلی ممتا بنرجی، جناب فرہاد حکیم اور جناب ندیم الحق کی نیز کالج کی انتظامیہ کے سبھی افراد، ٹیچنگ و نان ٹیچنگ کی مشترکہ کوششوں کا ثمرہ ہے کہ آج کالج کی اپنی عمارت کا سنگ بنیاد رکھا جارہا ہے۔

فرہاد حکیم اور سبرتو مکھرجی کے ہاتھوں کلکتہ گرلس کالج کی عمارت نو کا سنگ بنیاد

کالج کی گورننگ باڈی کے صدر جناب ندیم الحق صاحب نے معزز مہمانان کا خیر مقدم کرتے ہوئے انکے تئیں اپنی محبتوں کا اظہار کرتے ہوئے کلکتہ گرلس کالج کی جانب سے سبھی شرکائے محفل کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آج کا دن تاریخ میں سنہرے حرفوں سے لکھا جائے گا کیونکہ کالج کا ایک دیرینہ خواب پورا ہے۔ وزیر شہری ترقیات و بلدیہ امور جناب فرہاد حکیم نے کلکتہ گرلس کالج کے جملہ افراد کو مبارکباد دیتے ہوئے اپنی خوشی اور مسرت کا اظہار کیا۔ نیز انہوں نے اس بات کا بھی مشورہ دیا کہ مستقبل میں کالج کے زیر اہتمام اس نوعیت کے کورسیز کا انعقاد کیا جائے جس سے طلبا کو حصول روزگار میں سہولت ہو۔

پنچائتی امور کے وزیر جناب سبرتو مکھرجی نے کالج کی نئی عمارت کے سنگ بنیاد پر فرہاد حکیم اور ندیم الحق سمیت کالج سے متعلقہ سبھی ممبران کو مبارک باد دیتے ہوئے اس بات کا اظہار کیا کہ عصر حاضر میں چونکہ لڑکوں کی بنسبت لڑکیوں میں حصول تعلیم کی لگن بہت زیادہ ہے اس لئے یہ کالج تعلیم نسواں کے فروغ کا ایک اہم مرکز بن کر ابھرے گا۔ تقاریر کا سلسلہ مکمل ہونے کے فورا ہی بعد نئی عمارت کے سنگ بنیاد کا افتتاح کیا گیا۔ کالج کی طالبات نے ایک رنگا رنگ اسٹیج شو پیش کیا۔ پرنسپل صاحبہ کے ہدیہ تشکر کے بعد پروگرام اختتام پذیر ہوا۔

پریس ریلیز

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here